پہلا روزہ
رمضان کریم ۲۰۲۳/۱۴۴۴
الحمدللہ ہمیں اپنی زندگی میں ایک اور رمضان المبارک سے فیض یاب ہونے کی سعادت مل رہی ہے۔ اس بار رمضان کا چاند اچانک ہی برآمد کر لیا گیا تھا۔ یہ خبر سنتے ہی ہر طرف کھلبلی مچ گئی۔ آپی نے روزے کا پوچھا تو مابدولت اطمینان سے جواب دیا کہ کل روزہ نہیں ہے۔ دس بجے کے بعد اچانک سرخی چلنا شروع ہوئی، ”رمضان کا چاند نظر آ گیا ہے۔“ میرا منھ کھلا کا کھلا رہ گیا۔ میں نے پھرتی سے فیملی گروپ میں پیغام ٹھوک دیا کہ کل پہلا روزہ ہے۔ یقیناً مستند شہادتیں موصول ہونے کے بعد ہی اعلان کیا گیا ہو گا۔
۔
مزاحیہ لطائف دیکھ دیکھ کر میری ہنسی نہ رکتی۔ اب چاہے وطنِ عزیز دیوالیہ ہی کیوں نہ ہو چکا ہو، ہماری حسِ مزاح جس کو میں عرفِ عام میں شغلیانہ حس کہتی ہوں، اس پر کوئی قدغن نہیں لگ سکتی۔ ہم لوگ ہر موقع سے لطف اندوز ہونے کا ہنر جانتے ہیں۔
خیر یہ پاکستان ہے اور یہاں سب چلتا ہے۔
اب ذرا سنجیدہ مدعا اختیار کرتی ہوں۔ مہنگائی نے مخلوقِ خدا کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ ہر کوئی دہائی دیتا نظر آتا یے لیکن اس کے باوجود بازاروں کی رونق قائم و دائم ہے۔ دکانوں میں تل دھرنے کو جگہ نہیں ملتی۔ سب کے خرچات جوں کے توں ہیں۔ کوئی ماننے کو تیار ہی نہیں کہ غیر ضروری لوازمات کے بغیر بھی زندگی کا پہیہ چل سکتا ہے۔ بہت سی چیزیں بس یونہی لے لی جاتی ہیں۔ مہنگے کپڑے (ہم رنگ تام جھام کے ساتھ) اور باہر کھانا جو اکثر نری شو بازی ہوتی ہے۔
۔
کیا ہم کسی چیز کو منہا نہیں کر سکتے؟
کم قیمت کپڑے پہننے میں بھی کوئی قباحت نہیں۔
چار کے بجائے ایک اور زیادہ سے زیادہ دو کھانے بھی پیٹ بھرنے کے لیے کافی ہیں۔
افطاری مشہور جگہوں پر کروانا ضروری نہیں ہے۔
اور اگر آپ روزہ نہیں رکھ سکتے تو کیا آپ فدیہ ادا کرتے ہیں؟
کیا آپ نے اپنے ذمہ واجب الادا زکوٰۃ ادا کر دی ہے؟
اگر نہیں تو جلد از جلد اس فرض سے سبکدوش ہو جائیں۔ آپ کی بدولت کسی کی زندگی میں آسانی در آئے گی۔ اللہ سبحانہ و تعالٰی آپ کو بہترین اجر دے گا ان شاءاللہ تعالٰی۔
اللہ سبحانہ و تعالٰی ہم سب کو ہدایت کے راستے پر رکھے۔
آمین ثم آمین
پہلا روزہ بخیر و عافیت مکمل ہوا الحمدللہ۔ تصویر میرے بھائی کی افطاری کی ہے۔
فہمیدہ فرید خان کی گزشتہ تحریر بھی پڑھیئے میری جدوجہد کی کہانی، میری زبانی
صد فیصد درست
بے حد شکریہ
بہت اچھا کام، ہم امید کرتے ہیں کہ اللہ آپ کو جزائے خیر دے گا۔
ان شاءاللہ تعالٰی