کھماج
کھماج کلاسیکل موسیقی کا ایک راگ ہے جو کھماج تھاٹ پہ مبنی ہے۔ اس عظیم راگ پر لا تعداد ٹھمریاں اور غزلیں گائی جا چکی ہیں۔ اہلِ ذوق جانتے ہیں یہ راگ کتنا وسیع، عمدہ اور مسحور کن ہے۔ کلاسیکل موسیقی کے عظیم گائیکوں نے کھماج راگ کو مختلف ٹھمریوں میں استعمال کیا ہے۔ پاکستان کے عظیم گائیک شفقت امانت علی خان کے میوزک بینڈ ”فیوزن“ کا پہلا البم “ساغر” 2002 میں ریلیز ہوا۔ اس البم نے شہرت دوام حاصل کی۔ اس البم میں ”کھماج“ کے نام سے ایک گانا بھی شامل تھا جو عام زدِ زبان ہوا۔
.
ویسے تو یہ البم اور یہ گانا بالخصوص بہت عمدہ تھا۔ لیکن ہمارا موضوعِ بحث یہ البم یا گانا نہیں ہے بلکہ ”کھماج“ کی میوزک ویڈیو ہے۔ یہ دراصل ویڈیو نہیں، بلکہ چھ منٹ کی شارٹ فلم ہے۔ اس میں پاکستان کے سپر اسٹار شان شاہد ایک فلم ڈائریکٹر کے کردار میں نظر آتے ہیں۔ ان کے ساتھ زارا شیخ ایک نئی اداکارہ کا کردار نبھا رہی ہیں۔ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کسی اداکار کی ایک چھوٹی سی پرفارمنس اتنی بڑی ہو جاتی ہے۔ اور وہ اس کے کیریئر میں عظیم مقام حاصل کر لیتی ہے۔ یہی بات اس گانے میں شان شاہد کی اداکاری کے بارے میں کہی جا سکتی ہے۔
.
شان ایک عظیم اداکار تھے جو سلطان راہی اسکول آف تھاٹ کی بھینٹ چڑھ گئے۔ اس چھ منٹ کی میوزک ویڈیو میں آپ شان کی ایکٹنگ دیکھیں۔۔۔ ان کے چہرے کے تاثرات دیکھیں۔۔۔ یوں محسوس ہو گا جیسے کوئی بہت ہی پختہ اداکار ہے۔ دروغ بر گردنِ راوی اسی میوزک ویڈیو کو دیکھ کر مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے شان کو اپنی فلم گجنی میں ولن کا کردار آفر کیا تھا۔ اس بات میں کتنی سچائی ہے اس بات سے قطع نظر اگر خود عامر خان بھی ہوتے تو اس ویڈیو میں شان جیسی عمدہ اداکاری نہ کر پاتے۔
.
اس ویڈیو میں لگتا ہی نہیں کہ یہ شان ہیں۔ بلکہ یوں لگتا ہے جیسے سچ میں ایک فلم ڈائریکٹر ہے۔۔۔ اور وہ اپنے ڈریم پراجیکٹ کے لیے سپنوں کی رانی تلاش کر رہا ہے۔ میں صدقِ دل سے سمجھتا ہوں شان ایک عظیم اداکار ہیں۔ لیکن آج تک کسی نے ان سے ان کے معیار کے مطابق کام ہی نہیں لیا۔ آپ یہ میوزک ویڈیو دیکھیں، خدا کے لیے دیکھیں، جنت کی تلاش دیکھیں، گھونگٹ دیکھیں، نکاح دیکھیں۔۔۔ آپ حیران ہو جائیں گے کہ یہ وہی شان ہیں جو بڑھکیں مارتے پھرتے ہیں۔ اس بات کا ہمیشہ افسوس رہے گا شان جیسا عظیم اداکار سلطان راہی اسکول آف تھاٹ کی بھینٹ چڑھ گیا۔ وہ ایک سطحی سا اداکار لگنے لگا ہے۔
.
کھماج کی میوزک ویڈیو کی طرف واپس آتے ہیں۔ یہ ویڈیو اس بات کی بھی عکاس ہے کہ پاکستان کانٹینٹ کے حوالے سے کتنا وسیع تھا۔۔۔ لیکن آج تک ہمیں فلم بنانی نہیں آ سکی۔ کاش ہم فلم بنانے کا ہنر جانتے، یقین مانیں بالی ووڈ کو پیچھے چھوڑ جاتے۔ اگر ایک میوزک ویڈیو میں بہترین اداکاری پر کوئی ایوارڈ ہوتا تو اس ویڈیو کے لیے شان آرام سے ایوارڈ حاصل کر لیتے۔
ایک بار پھر کہوں گا جب کبھی شان کی اداکارانہ صلاحیتوں پہ کوئی شک و شبہ گزرے۔۔۔ تو ایک دفعہ پھر یہ میوزک ویڈیو وڈیو دیکھ لیں۔
تجزیہ کار: سفیان مقصود
گذشتہ تجزیہ: سارانش