Series: Fellow Travelers
Genre: Drama
Imdb Rating: 8.2/10
Cast: Matt Bomer, Jonathan Bailey
Fellow Travelers
اس سیریز میں 1950 سے 1980 کے دور کی کہانی دکھائی گئی ہے۔ اس وقت امریکی سینیٹر جوزف آر میکارتھی سینٹ کمیٹی برائے گورنمنٹ آپریشنز کے چیئرمین تھے۔ ان کے کہنے پر ایک تحقیق شروع کی جاتی ہے۔ گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ خاص کر اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے ان ملازمین کو تلاش کیا جا رہا تھا جو ”ہم جنس پرست“ تھے۔ میکارتھی کے مطابق یہ ہم جنس پرست لوگ ہمارے معاشرے کے لیے ناسور ہیں۔ ان کو ڈھونڈا جائے۔ سزا کے طور پر انہیں تا حیات حکومتی عہدوں کے لیے نا اہل قرار دے دیا جائے۔
Fellow Travelers
یاد رہے، یہ وہ دور تھا جب امریکہ میں ہم جنس پرستی کو غیر قانونی سمجھا جاتا تھا۔ ہم جنس پرست جوڑے اپنی پہچان چھپا کر رکھتے تھے۔ ان کو ڈر ہوتا تھا کہ انہوں نے اپنی پہچان ظاہر کر دی تو معاشرہ انہیں قبول نہیں کرے گا۔ ان کا گھر بار، کیرئیر سب تباہ ہو جائے گا۔ حکومت کی طرف سے بہت زیادہ سختی تھی۔ ہم جنس پرستوں کو وہ حقوق حاصل نہیں تھے جو عام افراد کو میسر تھے۔ اسی وجہ سے وہ دوہری زندگی جینے پر مجبور تھے۔ لیکن کچھ باغی لوگ ان پابندیوں کو نہیں مانتے، جس کی وجہ سے وہ حکومت کی طرف سے سختیاں برداشت کر رہے تھے۔
Fellow Travelers
اس سیریز کی اصل کہانی دو مردوں ”ٹم“ (جوناتھن بیلی) اور ”ہاکس فلر“ (میٹ بومر) کے گرد گھومتی ہے۔ ہاکس اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں ایک اونچے عہدے پر کام کر رہا ہے۔ جب کہ ٹم ایک مذہبی لڑکا ہے جو ایک چھوٹے شہر سے تعلق رکھتا ہے۔ وہ نوکری کی تلاش میں واشنگٹن آتا ہے جہاں ایک پارٹی میں اس کی ملاقات ہاکس سے ہوتی ہے۔ ان کی دوستی ہو جاتی ہے۔ ہاکس کی مدد سے ٹم کو سینٹر میکارتھی کے اسسٹنٹ کی ملازمت ملتی ہے۔ آہستہ آہستہ یہ دوستی محبت میں بدل جاتی ہے۔ لیکن دونوں معاشرے سے ڈرتے ہیں۔ وہ کھل کر دنیا کے سامنے اپنے رشتے کو قبول نہیں کرتے۔
Fellow Travelers
ٹم خدا سے بہت ڈرتا ہے۔ وہ باقاعدگی سے چرچ جاتا ہے۔ اس کو لگتا ہے وہ گناہ کر رہا ہے۔ لیکن دل پر اس کا اختیار نہیں۔ وہ ہاکس سے محبت کرنا نہیں چھوڑ سکتا۔ دوسری جانب ہاکس فلر کو اپنے کیرئیر، اپنے نام کی بہت پروا ہے۔ وہ محبت تو کرتا ہے لیکن اس رشتے کی وجہ سے اپنے کیرئیر کو برباد نہیں کر سکتا۔ (اس سیریز کو دیکھتے ہوئے کئی جگہوں پر مجھے ہاکس خود غرض لگا جس کو صرف اپنی پروا تھی۔ اسے محبت تو تھی لیکن وہ چاہتا تھا کہ ٹم صرف اس کی بات مانے۔) ان مجبوریوں کی وجہ سے دونوں چھپ کر ملتے ہیں اور دوہری زندگی جینے پر مجبور ہیں۔
Fellow Travelers
میں نے اس سیریز سے پہلے ایک دو فلمیں ہم جنس پرستی پر دیکھ رکھی تھیں جو مجھے خاص پسند نہیں آئیں۔ لیکن یہ سیریز بہت پسند آئی۔ اگر اس کو ہم جنس پرستی سے ہٹ کر ایک رومانوی کہانی کی نظر سے دیکھیں تو آپ بہت سارے سینز پر داد دیئے بغیر نہیں رہ پائیں گے۔ ایک ایسی کہانی جو معاشرے کی نظر میں قابل قبول نہیں۔ لیکن محبت ہے تو بس ہے۔ دل پر اختیار نہیں ہے۔ مشکلات سے بھرا سفر ہے لیکن محبوب کی جھلک ان ساری مشکلات پر حاوی ہے۔
Fellow Travelers
اگر آپ کو ہم جنس افراد سے نفرت ہے تو یہ سیریز آپ کے لیے نہیں بنی۔ اگر آپ ان افراد کو عام انسانوں کی طرح دیکھتے ہیں تو یہ سیریز آپ کو بہت پسند آئے گی۔ آٹھ اقساط پر مشتمل یہ سیریز ایمازون پرائم پر دستیاب ہے۔
ملاحظہ: مہربانی فرما کر فتویٰ بریگیڈ اس تجزیے اور سیریز سے دور رہے۔ شکریہ
تبصرہ نگار: عاقب رضا
English Review: Fellow Travelers – A Love Story “Beyond Limitations”