Hellaro
IMDB: 8.7
Language: Gujarati
یہ شاہکار فلم ایک ساتھ ۱۴ قومی تمغے جیت چکی ہے۔ اس کی کہانی کا موضوع ایک ایسا گاؤں ہے جہاں پانی نایاب ہے۔ وہاں کے مرد اس صورت حال سے انتہائی چڑچڑے ہو چکے ہیں۔ اپنی پیاس بجھانے کے لیے وہ عورتوں کا جسم کھلونے کی طرح استعمال کرنے لگتے ہیں اور ان پر غیر انسانی تشدد بھی روز کا معمول ہے۔ یہاں تک کہ رات کے وقت تقریباً ہر گھر سے عورتوں کے چیخنے چلانے کی آوازیں آتی ہیں۔
گاؤں کے مرد اندھی عقیدت کا بھی شکار ہیں۔ کیوں کہ وہ دیوی کے سامنے مقامی رقص ”گربا“ کر کے اسے خوش کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ وہ بارش برسائے۔ لیکن عورت کو پوجنے والے لوگ ہی اپنی عورتوں کو نجس سمجھتے ہیں اور انہیں مارتے ہیں۔ مردوں کو ”گربا“ رقص کرتے دیکھ عورتوں کا بھی دل چاہتا ہے کہ وہ بھی رقص کریں لیکن بول نہیں پاتیں۔۔۔ وہ فقط گھروں کے جھروکوں سے انہیں دیکھتی رہتی ہیں۔
ان خواتین کو پانی بھرنے کے لیے دوسرے گاؤں جانا پڑتا ہے۔ ایک دن انہیں وہاں ایک شخص بے ہوش پڑا ملتا ہے۔ جسے یہ خواتین پانی پلاتی ہیں تو وہ شخص ہوش میں آ جاتا ہے۔ وہ ایک ڈھول بجانے والا ہوتا ہے۔ وہ اپنا ڈھول بجاتا ہے تو عورتیں ڈھول کی تھاپ میں کھو کر رقص کرنے لگتی ہیں۔
ایک ایسا معاشرہ جہاں عورتوں کے سانس پر پابندی ہے، وہاں ان کا ”بے حیا“ رقص کیا گل کھلائے گا؟؟
وہ ڈھول والا آخر ہے کون؟؟
ان سوالات کے جواب آپ کو فلم دیکھ کر ملیں گے۔ آپ کو یہ فلم زندگی میں ایک مرتبہ ضرور دیکھنی چاہیئے کہ یہ اس کا حق ہے۔ فلم گجراتی زبان میں ہے اور غالباً ابھی تک ہندی میں ڈبنگ نہیں ہوئی۔ تاہم آپ کو یہ انگلش سب ٹائٹلز میں مل جائے گی۔
Contributor’s previous Blog GETT The Trial of Viviane Amsalem