Legend of the Blue Sea
ہم سب نے بچپن میں کوئی نہ کوئی فیری ٹیل ضرور دیکھی ہو گی۔ یا پھر جن کے گھر میں چھوٹے بچے ہوں ان کو زبردستی دیکھنی پڑتی ہیں۔ ان فیری ٹیلز میں اکثر جل پری کا ذکر ملتا ہے۔ ایسی مخلوق جو آدھی مچھلی اور آدھی انسان ہوتی ہے۔ میں ایسی ہی ایک سیریز کا ذکر کرنا چاہوں گی جو کافی عرصے سے میری واچ لسٹ میں شامل تھی مگر دیکھی نہ جا سکی تھی۔ آخر کار کل مکمل کر ہی لی۔
Legend of the Blue Sea…
میں ابھی تک اس کے سحر سے نہیں نکلی۔ یہ کہانی ہے ایک جل پری اور ایک کون مین کی۔۔۔ کون مین کوریا کی لڑکیوں کا نیشنل کرش لی من ہو ہے۔ اب جل پری سے یہ نہ سمجھیے کہ کوئی بونگی بچگانا سیریز ہو گی۔ بالکل نہیں، یہی تو کورین کا کمال ہے کہ بچگانا کرداروں کو لے کر بھی کمال کر دیتے ہیں۔
یہ کہانی ہے جل پری کی جو اپنا پیار ڈھونڈنے سات سمندر پار آ گئی ہے۔ اچھا یہ کچھ زیادہ فلمی ہو گیا۔ جل پری سمندری طوفان کے نتیجے میں زمین پہ آ جاتی ہے اور ایک کون مین، دیسی لفظوں میں کہیں تو ایک فراڈیے سے ٹکراتی ہے۔ جو اس کے ہاتھ میں موجود ایک قیمتی نایاب بریسلیٹ ہتھیانے کے چکر میں اس کے ساتھ ساتھ گھومتا ہے۔ ہیرو کی جان بچانے کو جل پری اپنی طاقت کا استعمال کر کے اس کی یادداشت سے خود کو مٹا دیتی ہے اور واپس سمندر میں چلی جاتی ہے۔
کچھ عرصہ بعد وہ اپنا ایک وعدہ نبھانے کی خاطر کئی دنوں کا سفر کر کے سیئول آتی ہے۔ مگر اب مسٹر فراڈیا جل پری کو بھول چکا ہوتا ہے۔ اسے یہ تو یاد ہے کہ کچھ ہوا ہے اس کے ساتھ۔۔۔ مگر کیا ہوا یہ نہیں پتہ۔ وہ اسے اپنے گھر لے جاتا ہے جہاں وہ دو اور فراڈیوں کے ساتھ رہتا ہے اور یوں شروع ہوتی ہے دونوں کی لو سٹوری۔
اب اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ میں نے ساری کہانی بتا دی ہے تو ایسا نہیں ہے۔ یہ بس ایک قسط کی کہانی کا خلاصہ ہے۔ آگے دیکھنے کو بہت کچھ ہے۔ خاندانی دشمنیاں، پیسے و جائیداد کا لالچ، سازشیں، مسٹر فراڈیے اور جل پری کا پیار ساتھ ساتھ چلتا ہے۔
جل پری کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کے فیس ایکسپریشن اتنے پیارے ہیں کہ قربان جانے کو جی چاہتا ہے۔ اوپر سے لی من ہو کی قاتلانہ مسکراہٹ (اچھا اب اس پہ مجھے کوئی جج نہ کرے) بےچاری کو زمینی طور طریقے سیکھنے میں کیسی مشکل پیش آنے والی ہے، یہ تو سیزن دیکھ کے پتہ چلے گا۔ مگر آپ اس سیریز سے ضرور لطف اندوز ہوں گے۔ ساتھ ساتھ صدیوں پرانے زمانے کی کہانی بھی چلے گی۔ اگر وہ سین آپ کو بور کریں تو گزار گزار کے دیکھ لیں۔ لیکن کہانی کو سمجھنے کے لیے دیکھیں ضرور ورنہ سب سر کے اوپر سے گزر جائے گا۔
آپ کچھ ہلکا پھلکا دیکھنا چاہ رہے ہیں، یونہی بے وجہ مسکرانے کا موڈ ہے۔۔۔ کچھ دیر کے لیے ساری ٹینشن کا سوئچ آف کر کے خوابوں کی دنیا میں جانے کا موڈ ہے تو پھر نیٹفلیکس کھولیں اور دیکھ ڈالیں۔ نیٹفلیکس پہ آپ کو سب ٹائیٹلز پر گزارا کرنا پڑے گا۔ ڈب میں دیکھنا ہے تو ٹیلی گرام پر موجود ہے۔ گوگل سے بھی مل جائے گی۔ یوٹیوب پر موجود ہے مگر شروع کی اقساط کی کوالٹی اچھی نہیں ہے، وہ گوگل پر دیکھ لیں۔ اگر سیریز پسند آئے تو کمنٹس میں ضرور بتائیں۔
Korean TV Series
The Legend of the Blue Sea
Critical Analysis by Madiha Naveed Chaudhary