سات گناہوں کو رومن کیتھولک تھیولوجی میں انتہائی مہلک مانا جاتا ہے۔ اگر معاشرے کو گناہوں سے پاک کرنا ہے تو سب سے پہلے ان سات گناہوں کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے اسلام میں سود کو گناہوں کی جڑ کہا گیا ہے جو کہ ہے بھی۔ اس کو لے کر اکثر لوگ نعرہ لگاتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی صرف اس وقت ممکن ہے جب ملک سے سود کا خاتمہ کر دیا جائے۔
گناہوں کی یہ فہرست یا تھیوری سب سے پہلے چھٹی صدی عیسوی میں پوپ گریگوری نے ترتیب دی تھی۔ اس کے بعد تھامس ایکوایئنس نے ان گناہوں کی تشریح پیش کی۔ (جیسے اسلام میں نماز کا ذکر ہے لیکن اس کا مکمل طریقہ ہمیں حدیث سے پتہ چلتا ہے۔) اٹھارہویں صدی میں ایک اطالوی شاعر نے ان ہی گناہوں پر اپنی مشہور نظم انفرنو بھی لکھی تھی۔
ان سات گناہوں کے لیے انگلش کا لفظ کارڈینل استعمال ہوتا ہے۔ رومن کیتھولک نظریے کے مطابق یہ وہ گناہ ہیں جنہیں خدا کبھی معاف نہیں کرتا اور یہ گناہ کرنے والوں کو فوراً جہنم میں بھیج دیتا ہے۔ جبکہ بائبل اس چیز کی نفی کرتی ہے۔ یعنی بائبل ان گناہوں کے بجائے دوسرے کئی کاموں کو خدا کا زیادہ ناپسندیدہ قرار دیتی ہے۔
- Pride
- Sloth
- Gluttony
- Lust
- Avarice
- Envy
- Wrath
اپنی ذات کے بارے میں بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا خاکہ جبکہ دوسروں کو کمتر سمجھنا۔ (غرور)
ضروری ترین کام ہوتے ہوئے بھی اسے نہ کرنا۔ (کاہلی)
بہت زیادہ کھانا پینا یا زیادہ کھانے پینے کی بے لگام خواہش۔ (پیٹو پن)
اپنے جیون ساتھی کے علاوہ کسی دوسرے کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنا۔ (شہوت)
دوسروں کی چیزوں کو اپنی ملکیت بنانے کی خواہش۔ (لالچ)
دوسروں کی کامیابی پر کڑھنا اور یہ سمجھنا کہ اس کامیابی کے اصل حق دار آپ ہیں۔ (حسد)
کسی چیز کا انتقام لینے کی بے انتہا اور بے لگام خواہش۔ (غصہ)
فلم سیون میں انہی سات گناہوں کو موضوع بنایا گیا ہے۔ اس فلم کے شاندار ہونے کے لیے یہ بات کافی ہے کہ اس کا ڈائریکٹر ڈیوڈ فنچر ہے۔ جبکہ لیڈ رول میں مورگن فری مین اور بریڈ پٹ جیسے بہترین اداکار موجود ہیں۔
سمرسیٹ اک بوڑھا جاسوس ہے جو ریٹائرمنٹ کے قریب یے۔ جبکہ ڈیوڈ ملر (بریڈ پٹ) ایک نوجوان آفیسر ہے جو کسی دوسرے شہر سے تبادلہ ہو کر آیا ہے۔ اس کی بیوی حاملہ ہے لیکن وہ اس شہر میں نہیں رہنا چاہتی، نہ وہ اپنے بچے کو یہاں جنم دینا چاہتی ہے۔ ابھی تک یہ بات اس نے ملر سے بھی چھپا کر رکھی ہوئی ہے۔ ملر اور سمرسیٹ ایک ایسے قتل کی تفتیش کر رہے ہیں جس میں ایک بہت موٹے آدمی کو کھلا کھلا کر مار دیا جاتا ہے، جو پیٹو پن کی نمائندگی کرتا ہے۔ مجرم اپنا ایک پیغام چھوڑ جاتا ہے لیکن دونوں آفیسرز اسے ڈھونڈنے میں ناکام رہتے ہیں۔
دوسرا قتل ایک وکیل کا ہوتا ہے جو پیسہ بنانے میں حلال و حرام کو بھول چکا ہوتا ہے۔ یہ قتل لالچ کی نمائندگی کرتا ہے۔ قاتل ہر جگہ ایک پیغام چھوڑ کر جاتا ہے۔ وہ چاہتا ہے، اس کے اس عمل کو پوری دنیا دیکھے۔۔۔ ساری دنیا کو پتہ چلے کہ اس نے کس طرح گناہ گاروں کو چن چن کر جہنم رسید کیا ہے۔
پہلے دو قتل مووی کی ابتدا میں ہی ہو جاتے ہیں۔ اب اگلے پانچ قتل کن کے اور کیسے ہوں گے، ہوں گے بھی یا نہیں۔۔۔ اس کے لیے آپ کو مووی دیکھنا پڑے گی۔۔۔ یہ بھی ہو سکتا ہے قاتل پہلے ہی پکڑا جائے۔۔۔ لیکن قاتل اپنے مقصد میں کامیاب بھی تو ہو سکتا ہے۔
فلم کے آخری دو گناہ یعنی حسد اور غصہ آپ کو حیران و پریشان کر دیں گے۔ ( کم از کم مجھے تو کر دیا تھا) ایک مزے کی بات، آپ فلم کے آخر تک یہ فیصلہ نہیں کر پائیں گے کہ ہیرو کون ہے اور ولن کون؟ کیوں کہ قتل ہونے والے اسی کے حق دار ہوتے ہیں، جیسا کہ پہلے دو قتلوں سے ظاہر ہے۔
مووی نیٹ فلیکس پر انگریزی میں موجود ہے۔
ہندی میں شاید کسی ویب سائٹ سے مل جائے۔
تبصرہ: فرحان رضا
#FFKhan
#FFK