Home » Book & Literature Review » لاہور آوارگی | مستنصر حسین تارڑ | اردو تبصرہ

لاہور آوارگی | مستنصر حسین تارڑ | اردو تبصرہ

لاہور آوارگی

تبصرۂ کتب

لاہور آوارگی از مستنصر حسین تارڑ

سدرہ جاوید کا تبصرہ

Follow
User Rating: 3.33 ( 1 votes)

لاہور آوارگی
مستنصر حسین تارڑ

لاہور آوارگی ان لوگوں کے لیے ایک تحفہ ہے جن کا ماننا ہے کہ لاہور لاہور ہے۔ ان لوگوں کے لیے جو اس شہر میں رہتے تو ہیں مگر اس کے رازوں سے آشنا نہیں ہیں۔ یہ ان لوگوں کے لیے جو اس میں پلے بڑھے اور اب دکھی دل کے ساتھ وہ سب نقوش مٹتے دیکھ رہے ہیں، جو کبھی اس شہر کا حسن دہکاتے تھے۔ یہ ان آنے والی نسلوں کے لیے بھی ہے جو اس کو صرف کتابوں میں ہی ڈھونڈ سکیں گے۔

~

تارڑ صاحب اپنے کچھ با تکلف دوستوں کے ساتھ لاہور شہر کی آوارہ گردی میں مصروف ہیں۔ ساتھ میں پڑھنے والوں کو بھی اپنے بچپن، لڑکپن اور جوانی کے ادوار سے روشناس کروا رہے ہیں۔ ان گلیوں محلوں کی سیر کروا رہے ہیں جہاں ان کا بچپن بھاگتے دوڑتے گزرا۔ ان جھروکوں سے جہاں کسی نازنین کے دیدار کی خواہش جاگی۔ جہاں قسمت مہربان ہوٸی اور ایک نام ملا۔
یہ لاہور کی ان گلی محلوں کا ذکر ہے جہاں ہمسایہ واقعی ماں جایا تھا۔ جہاں ایک زمانے میں لوگ باہمی محبت کے ساتھ اس طرح رہتے تھے کہ ذات پات اور مذہب کی کوٸی دیوار نہیں تھی۔ انہوں نے تاریخی پسِ منظر پر بھی روشنی ڈالی ہے کہ کتنی بار یہ شہر اجاڑا اور بسایا گیا۔ کچھ ایسی عمارات کا ذکر ہے جو مغلیہ دور کی باقیات ہیں۔ رانی حویلیاں اور وہاں کے رہنے والوں کی کہانیاں بالکل افسانوں جیسی۔ وہ جگہیں جو اب کھنڈرات بن گئی ہیں، وہاں کبھی ایک دنیا آباد تھی۔

~

دوستوں کا ہنسی مذاق اور کھابہ گیری کے معاملات کو ایک لطیف اور پر مزاح انداز میں آگے بڑھایا جاتا رہا ہے۔ تارڑ صاحب کنکریٹ کے اس اژدھے سے مسلسل خائف نظر آتے ہیں جو لاہور شہر کے ثقافتی اور تاریخی ورثے کو نگلتا جا رہا ہے۔ لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ پرانے تہواروں کا ذکر ہے جس میں بسنت کے تہوار کو یاد کرتے وہ بہت دل گرفتہ رہے۔ بسنت مجھے بھی بہت پسند تھا۔ ایسے رنگا رنگ موقع کو بہتر پلاننگ سے زندہ رکھا جانا چاہیئے تھا۔ ورنہ آنے والی نسلوں کے لیے ہیلووین ویلنٹاٸن جیسے مواقع ہی رہ جائیں گے۔

.


یہ کتاب میرے لیے معلوماتی تھی۔ اس میں بہت سی ایسی جگہوں کا ذکر ہے جہاں میں گئی بھی ہوں مگر ان کی تاریخ سے یکسر نابلد تھی۔ کچھ ناموں سے ہم واقف ہیں مگر اس کے پیچھے کی کہانی سے نا آشنا ہیں۔ چاچا جی کا اندازِ بیاں بہت سادہ ہے جیسے کوئی بے تکلف دوست قصہ بیان کر رہا ہو۔ پڑھنے والے الفاظ کے بہاؤ میں آگے بڑھتے جاتے ہیں اور لطف اندوز ہوتے جاتے ہیں۔ اگر آپ لاہور سے ہیں یا لاہور کی سیر کرنا چاہتے ہیں۔۔۔ بیتے دنوں کے لاہور کی جھلک دیکھنا چاہتے ہیں۔۔۔ پرانے گلیوں محلوں اور جھروکوں سے جھانکنا چاہتے ہیں۔۔۔ کچھ دیر کے لیے ہی سہی، پر اس بھاگم بھاگ زندگی کو بریک لگا کر کسی دیوار کی چھاؤں میں بیٹھنا چاہتے ہیں تو اس کتاب کو ضرور پڑھیں۔

تبصرہ نگار: سدرہ جاوید

She Said گزشتہ تبصرہ بھی پڑھیں

About Sidra Javed

Sidra Javed is a home maker yet reading enthusiast. She loves reading different genres and likes to share her views with others, hoping this will inspire others to take up reading books. On the contrary she's interested in Calligraphy and Art too. She loves adding creativity and delicacy in food.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *